والدین اور ماہ رمضان

 الحمدللہ ہماری دعائیں قبول ہو گئیں


اللهمَّ بَلِّغْنَا رَمَضَانَ


اور ہم نے رمضان پا لیا


ہر سال کی طرح اس سال بھی بڑے اہتمام کے ساتھ نہا کر صاف ستھرے کپڑے پہن کر بچوں کو ساتھ لیکر اذانِ مغرب سنتے ہی مسجد کا رخ کیا اور دل میں یہ شوق اور جذبہ تھا کہ خود اپنی آنکھوں سے چاند تلاش کروں گا نماز ادا کرتے ہی فورا مسجد کے صحن سے آسمان کی جانب نظریں جمادیں اور گویا بڑی بے چینی اور شدت کے ساتھ چاند کو تلاش کرنا شروع کردیا اور الحمد للہ اپنی آنکھوں سے ماہ رمضان کے چاند کا نظارہ کیا


جب بھی ماہ رمضان کا چاند نظر آتا سب سے پہلے سارے بھائی، بچے اور اہل خا نہ سب ابا کے پاس جاتے اور چاند کی مبارک باد پیش اور قبول کرتے اور سب انکے کمرے میں بیٹھ جاتے

آج کا یہ چاند جو رحمتیں برکتیں اپنے ساتھ لے کر آیا ہے مگر ساتھ میں اپنوں کی جدائی کے زخم بھی ہرے کر گیا ہے

لیکن غم اپنے سروں سے شفقت کا سایہ اٹھنے اور اپنوں کی جدائی کا ہے بالآخر تو سب نے لوٹ کر جانا ہے اپنے رب کے حضور وہ چلے گئے ہم اپنے باری کے انتظار میں ہیں لیکن دل کو ایک اطمینان ہے کہ یقیناً وہ یہاں سے اچھی جگہ پر منتقل ہوئے ہیں ہمارے ساتھ نہیں مگر رب کریم کی رحمت کے سائے میں اس کے فضل کی بارش سے لطف اندوز ہو رہے ہوں گے


کیوں نا ہوں جب فضل کرنے والا وہ عظیم الشان بادشاہ مالک کل کائنات سارے جہانوں کا پالن ہار کہ جسکی رحمت اس ماہ مبارک میں اپنے جوش کے عروج پر ہوتی ہے یقیناً روزہ داروں کے ساتھ ساتھ وہ لوگ بھی مستفید ہوں گے کہ جنہوں نے ساری زندگی اللہ اور اسکے رسول کی خوشنودی حاصل کرنے کے لیے گزاری کہ جنکی نماز، روزہ، حج، زکوۃ، جنکی قربانی، جنکا جینا اور مرنا، جنکی دوستی اور دشمنی غرض انکے سب معاملات اللہ کے لیے تھے وہ بھی ضرور اس ماہ مبارکہ میں اپنے رب کی رحتموں میں ہوں گے...انشاءاللہ

 ابھی کی بات ہے پچھلے سال رمضان المبارک میں نے ابا (مرحوم عبدالعزیزغوری رحمۃاللہ علیہ) کو کہا کہ آپ 80 سال کے ہو گئے ہو طبیعت بھی ٹھیک نہیں روزہ چھوڑ دو قرآن کے حکم کے مطابق مریضوں کو رعایت ہے تو ہنسنے ہوئے کہنے لگے کیسی باتیں کرتا ہے روزے سے کیا ہوتا ہے روزہ مجھے کچھ نہیں کہتا بلکہ مجھے اور مضبوط کرتا ہے... زندگی کا بھروسہ نہیں کچھ پتہ نہیں یہ میرا آخری رمضان ہو مجھے اس سعادت سے محروم کرنا چاہتے ہو؟؟؟ 

نہیں ابا نہیں آپ کی طبیعت کو دیکھ کر کہا...اللہ نا کرے..... 

اچھا لاک ڈاؤن ہے حکومت نے جمعہ نماز پر پابندی لگائی ہے اور خطبے پر بھی گھر پر ظہر پڑھ لو کہنے لگے پاگل ہوگیا ہے کیا...

جمعہ بھی چھوڑنے کا ہوتا ہے کوئ جمعہ مسجد میں ہی پڑھیں گے اور خطبہ بھی دونگا انشاء اللہ


اللہ مالک ہے کوئ آئے گا تو اس کو بھی دیکھ لیں گے جمعہ تو باجماعت حرا مسجد میں ہی پڑھیں گے اور پھر پورا رمضان ایسا ہی کیا سارے جمعے حرا مسجد میں پڑھے اور خطبے بھی دیے، روزے بھی رکھے، قرآن بھی پڑھا، تفسیر بھی پڑھی، بہت کچھ لکھا بھی، درس قرآن بھی دیے، طاق راتوں میں قیام الیل بھی کیا شب بیداری کے پروگرام سے خطاب بھی کیا، ختم قرآن کی محفل سے میں بھی درس دیا، گھر پر باجماعت نماز اور تراویح بھی پڑھی تمام تر پابندیوں، مشکلات اور بیماریوں کے باوجود بھر پور رمضان المبارک گزارا اور اسکی ایک ایک ساعت کو قیمتی بنایا....


اللہ تعالیٰ انکی تمام عبادات کو  قبول فرمائے

ان پر اپنا خصوصی کرم فرمائے

ان پر اپنی رحمتوں کی خاص بارش فرمائے

انکی لغزشوں کو درگزر فرمائے

انکی نیکیوں کو شرف قبولیت بخشے

غلبہ اسلام کی انکی جدوجہد کو قبول فرمائے

اس ماہ مبارک میں ہماری دعائیں انکے حق میں قبول فرمائے

انہیں نبی اکرم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی شفاعت اور انکے ہاتھ سے حوض کوثر پر جام کوثر عطا فرمائے

ہمیں ان کے نقش قدم پر چلنے کی توفیق اور ہمت عطا فرمائے 

انکے جیسا صبر، شکر، عاجزی، انکساری، بہادری، ہمت، جرآت، علم، حلم، بردباری، دور اندیشی، معاملہ فہمی، ایفائے عہد اور اپنے مشن سے سچائی عطا فرمائے آمین ثم آمین یا رب العالمین....

Comments